http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 15 June, 2006, 13:40 GMT 18:40 PST

جنوبی اسرائیل پر راکٹ حملے

فلسطینیوں نے جنوبی اسرائیل پر چار راکٹ پھینکے ہیں جس سے کم از کم ایک شخص معمولی زخمی ہوا ہے۔ اسلامی جہاد نے کہا ہے کہ صدورت کے قصبے پر گرنے والے یہ راکٹ اس نے داغے ہیں۔

ادھر اسرائیلی حکام کے مطابق ان کی طرف سے دھمکی کے بعد حماس نے راکٹ پھینکنا بند کر دیے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو غزہ کے ساحل پر آٹھ فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد حماس نے اسرائیل کے ساتھ غیر رسمی جنگ بندی ختم کر دی تھی۔

اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ ان ہلاکتوں کا ذمہ دار نہیں ہے لیکن فلسطینیوں نے اسرائیلی دعوے کو رد کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے اس واقعہ کی آزادانہ تفتیش کی درخواست کی ہے۔

اس کے بعد سے حماس اسرائیل پر درجنوں راکٹ داغ چکا ہے جن سے کئی لوگ زخمی ہوئے۔ اسرائیل شمالی غزہ میں، جہاں سے اس پر راکٹ پھینکے جاتے ہیں، بمباری کرتا رہتا ہے۔

اسرائیلی وزارت دفاع کے میجر جنرل آموس جیلاد نے جمعرات کو اسرائیلی ریڈیو کو بتایا کہ اسرائیل کی طرف سے دھمکی کے بعد حماس کی طرف سے راکٹ حملوں میں کمی آ گئی ہے۔ ’ہم نے انہیں واضح پیغام دے دیا تھا، جس کے بعد راکٹ آنا بند ہو گئے۔‘

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ہانیہ نے حماس کے عسکری بازو سے اسرائیل پر حملے بند کرنے کو کہا ہے لیکن حماس اس خبر کی تردید کرتا ہے۔