Wednesday, 14 June, 2006, 11:31 GMT 16:31 PST
فرانس کی ایک عدالت نے چیچن باغیوں کی حمایت میں فرانس میں حملوں کی منصوبہ کرنے کے الزام میں پچیس مبینہ اسلامی شدت پسندوں کو قید کی سزائیں سنائی ہیں۔
پانچ مرکزی ملزموں کو دس دس سال قید جبکہ دیگر کو چھ ماہ یا اس سے زیادہ قید کی سزائیں دی گئی ہیں۔ دو افرداد کو الزام سے بری قرار دیا گیا ہے۔
استغاثہ کے مطابق یہ گروہ آئیفل ٹاور، ہیلس شاپنگ سینٹر، تھانوں اور فرانس میں اسرائیلی مفاد کی عمارتوں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔
گروہ پر الزام ہے کہ اس کے روس کے خلاف لڑنے والے چیچن باغیوں سے ’جہادی‘ رابطے تھے۔
سزا پانے والے زیادہ تر افراد الجـزائری نژاد ہیں۔گروہ کے سربراہ اور دوسرے ارکان کی اکثریت کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے ایسی کارروائیوں کی تربیت افغانستان اور چیچنیا میں حاصل کی۔
استغاثہ کے مطابق فرانس میں کئی مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی 2001-2002 میں کی گئی تھی۔
جب دسمبر دو ہزار دو میں پولیس نے پیرس کے مضافات میں ان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا تھا تو اسے وہاں سے گیس کے سلینڈر، فیوز اور کیمائی مواد ملے تھے۔