Tuesday, 13 June, 2006, 09:48 GMT 14:48 PST
گزشتہ اختتام ہفتہ پر تین قیدیوں کی خودکشی کے پیش نظر ریڈ کراس کی ایک ٹیم گوانتانامو میں واقع امریکی جیل کا خصوصی دورہ کرنے والی ہے۔
عالمی امدادی ادارے ریڈ کراس کو گوانتانامو کا دورہ کرنے کی اجازت ہے۔ ریڈ کراس کی ٹیم کے ساتھ ایک ڈاکٹر اور عربی زبان کے ایک مترجم بھی ہوں گے۔
خودکشی کرنے والے تینوں قیدیوں سے ریڈ کراس کی ایک ٹیم نے پہلے بھی ملاقات کی تھی۔ ریڈ کراس کی ٹیم ہر چھ سے آٹھ ہفتے میں اس جیل کا دورہ کرتی ہے۔
لیکن خودکشی کے واقعات کی اطلاع ملنے پر ریڈ کراس نے امریکہ کو بتایا ہے کہ اس کی ٹیم جتنا جلد ممکن ہوا گوانتانامو کا خصوصی دورہ کرنا چاہتی ہے۔
گوانتانامو میں خودکشیوں کی تحقیقات کا قانونی حق صرف امریکہ کو ہے لیکن جنیوا میں بی بی سی کے ایک نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ریڈکراس کا خصوصی دورہ گوانتامو کی جیل کے بارے میں اس کے خدشات کا اظہار ہے۔
ریڈ کراس کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ دورے کا مقصد قیدیوں سے یہ جاننے کی کوشش ہوگی کہ وہ خودکشی کے واقعات کے بارے میں کیا سمجھتے ہیں اور ان کی ذہنی حالت کیسی ہے۔
گوانتانامو کے قیدیوں کی ذہنی حالت کے بارے میں خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ ہمارے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ریڈ کراس کے دورے سے حالیہ خودکشیوں کے بارے میں امریکی ردعمل پر روشنی پڑ سکتی ہے۔