Tuesday, 13 June, 2006, 00:29 GMT 05:29 PST
القاعدہ تنظیم نے ابومصعب الزرقاوی کی ہلاکت کے بعد ابو حمزہ المہاجر کو عراق میں القاعدہ کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔
ابو مصعب الزرقاوی پچھلے ہفتے بقعوبہ کے نزدیک ایک امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
القاعدہ کی ایک حمایتی ویب سائٹ پر نشر کیے جانے والے اعلان کے مطابق شیخ ابو حمزہ المہاجر کو ابو مصعب الزرقاوی کا جانیشن مقرر کیا گیا ہے۔
القاعدہ اعلان کے مطابق ابو حمزہ ایک عالم دین ہیں اور اس سے پہلے بھی جہاد میں حصہ لیتے رہے ہیں۔آزاد ذرائع سےالقاعدہ کے اعلان کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
اسلامی شدت پسندی پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ابو حمزہ المہاجر کا نام پہلے کبھی نہیں سنا گیا لیکن ہو سکتا ہے کہ اپنی شناخت کو چھپانے کے لیے انہوں نے فرضی نام اختیار کر لیا ہو۔
ماہرین کے مطابق القاعدہ کے نئے سربراہ کے نام کے ساتھ المہاجر کا لفظ اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ ان کا تعلق عراق سے نہیں ہے اور وہ کسی دوسرے ملک سے جہاد کی غرض سے عراق آئے ہیں۔
امریکی صدر جارج بش نے کہا ہے کہ عراق میں امریکی فوج القاعدہ کے نئے سربراہ کو بھی نشانہ بنائے گی۔
امریکی صدر جارج بش کیمپ ڈیوڈ کے مقام پر اپنے مشیروں سے عراق کے بارے میں امریکی پالیسی پر غور وغوض کر رہے ہیں۔