Sunday, 11 June, 2006, 15:03 GMT 20:03 PST
عراق میں القاعدہ سے منسوب ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ تنظیم اپنے رہنما ابو مصعب الزرقاوی کی ہلاکت کا بدلا لینے کے لیئے بڑے حملے کرے گی۔ تاہم اس بیان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
بیان میں کہا گیا ہے یہ حملے ’دشمن کو نیند سے جگا دیں گے‘۔ تنظیم نے یہ بھی کہا ہے کہ انہوں نے اسامہ بِن لادن سے وفاداری کا اعادہ کیا ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ الزرقاوی کا جانشین نامزد نہیں کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تنظیم کو الزرقاوی کی ’شہادت‘ نے متاثر نہیں کیا۔ اس میں کہا گیا کہ تنظیم نے اپنے آپ کو مضبوط کیا ہے اور اسے ’نئے خون‘ سے دوبارہ زندگی ملی ہے۔
امریکہ کی طرف سے اس انکشاف کے بعد کہ الزرقاوی حملے میں بچ گئے تھے ان کی ہلاکت کی وجہ کے بارے میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ ان کی لاش اردن میں ان کے ورثا کے حوالے کی جائے گی یا نہیں۔
دریں اثناء دو امریکی ڈاکٹروں نے الزرقاوی کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا ہے۔ امریکی فوج کے ترجمان کے مطابق فی الحال پوسم مارٹم کے نتائج عام نہیں کیے جائیں گے۔ ایک اور ترجمان نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران لاش کی حرمت کے بارے میں اسلامی روایات کا خیال رکھا گیا تھا۔