Sunday, 04 June, 2006, 08:15 GMT 13:15 PST
عراقی وزارتِ داخلہ کے مطابق دارالحکومت بغداد سے ہفتے کو اغوا کیئے جانے والے روسی سفارتخانے کے چار اہلکاروں کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔
وزارتِ داخلہ کے ترجمان لیفٹینٹ کرنل فلاح المحمداوی نے بتایا کہ عراقی کمانڈوز نے ہفتے کی رات جدرہ ڈسٹرکٹ میں حملہ آوروں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا اور مغویوں کو بازیاب کروا لیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اغواکنندگان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تاہم روسی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ ابھی تک ان افراد کی بازیابی کی تصدیق نہیں کر سکتے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوران لوگوں کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ خوراک خرید رہے تھے۔ اغوا کنندگان کی سفیدگاڑی کو بھی اس کارروائی کے دوران نقصان پہنچا۔
یاد رہے کہ سنیچر کو بغداد کے مغربی علاقے میں منصور نامی ڈسٹرکٹ میں روسی سفارتخانے کے نزدیک ایک کارروائی کے دوران ایک روسی سفارتکار کو ہلاک کر دیا گیا تھا جبکہ حملہ آور سفارتخانے کے چار اہلکاروں کو اپنے ساتھ لے گئے تھے۔