Saturday, 03 June, 2006, 04:34 GMT 09:34 PST
کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں پولیس نے دہشت گردی کے الزام میں متعدد افراد کوگرفتار کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے افسر کے حوالے سےگرفتارشدگان کی تعداد دس سے زائد بتائی ہے۔
مذکورہ افسر مائیکل پیراڈس کا کہنا تھا کہ’ ہم نے ٹورانٹو سے دس سے زیادہ افراد کو دہشت گردی سے متعلق جرائم کے حوالے سے گرفتار کیا ہے‘۔
مائیکل پیراڈس نے ان اطلاعات پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ گرفتار کیئے جانے والے افراد سی این ٹاور اور مقامی سب وے سسٹم کی فلمبندی کرتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن میں چار سو سکیورٹی اہلکار شریک تھے۔
کینیڈا کی پولیس کی ترجمان کے مطابق کارروائی ابھی جاری ہے اور مزید گرفتاریاں ہو سکتی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ کاررروائی کینیڈا کے خفیہ ادارے سی ایس آئی ایس کے ساتھ مِل کر کی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گرفتارشدگان کو ٹورنٹو کے نواحی شہر پکرنگ میں رکھا گیا ہے۔
پیر کو سی ایس آئی ایس کے ایک اہلکار نے کینیڈا میں سینیٹ کی دفاعی امور کے بارے میں کمیٹی کو بتایا تھا کہ ادارہ سینکڑوں افراد اور پچاس سے زیادہ تنظیموں کی نگرانی کر رہا ہے۔