Thursday, 01 June, 2006, 20:26 GMT 01:26 PST
ویانا میں سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان اور جرمنی کے وزراء خارجہ کے اجلاس کے بعد برطانوی وزیر خارجہ مارگیٹ بیکٹ نے اعلان کیا ہے جوہری پروگرام بند کرنے کے عوض ایران کو دی جانے مراعات کے پیکج پر اتفاق ہو گیا ہے۔
ویانا میں برطانوی وزیر خارجہ نے یہ اعلان ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے بعد ہونے والی اس پریس کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ کنوڈولیزارائس بھی موجود تھیں۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے مسرت ہورہی ہے کہ ہم بڑی دور رس تجاویز پر متفق ہو گئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان تجاویز سے ایران کو اس مسئلہ کا مذاکرات کے ذریعے حل نکالنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے ان تجاویز کو منظور نہ کیا تو پھر مذید اقدامات کیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیئے تیار ہیں بشرط کہ ایران یورینیم کی افزودگی اور ری پراسپسنگ سے متعلق تمام کارروائیاں معطل کر دے۔
انہوں نے کہا ہم ایران پر زور دیتے ہیں کہ وہ مثبت راستہ اختیار کرے اور ہماری ٹھوس تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے جو اس کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی۔
ایران کا جوہری تنازع |
امریکی صدر جارج بش نے جمعرات کو خبردار کیا کہ اگر ایران نے حساس نوعیت کی جوہری کارروائیاں ختم نہ کئیں تو وہ سلامتی کونسل کے ذریعے اس کے خلاف کارروائی کرنے کی کوشش کریں گے۔
صدر بش ایرانی وزیر خارجہ منوچہر متقی کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کر رہے تھے جس میں انہوں نے یورینیم کی افزودگی ختم نہ کرنے کی بات کی تھی۔
’اور اگر ایران نے ایسا ہی کیا تو ظاہر ہے اگلا قدم ہمارے اتحادیوں کے پاس یہی ہو گا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے رجوع کریں اور اس کا درآرومدار ایران پر ہے۔‘
صدر بش نے اس بارے میں روس اور چین کے متوقع ردعمل پر زیادہ بات نہیں کی اور انہوں نے چین اور روس کے ایران پر سلامتی کونسل کے ذریعے پابندیاں لگانے کے بارے میں متفق ہونے کی بابت بھی کچھ نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے امریکہ کی حکمت عمل سے روس صدر ولادمیر پوتن کو آگاہ کیا ہے اور ان کی طرف سے انہیں مثبت جواب ملا ہے۔
امریکی صدر نے جمعرات کو چینی صدر ہو جن تاؤ سے بھی ٹیلی فون پر بات کی تھی۔ صدر بش نے کہا کہ ان کی چینی صدر سے بات چیت کا مثبت پہلو یہ ہے سب اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہیں۔
’ہم طریقے کار اور حکمت عملی پر بات کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ اگر ایران قابل تصدیق انداز میں جوہری پروگرام ختم نہیں کرتا تو بین الاقوامی برادری یک زبان ہو کر بات کرئے۔‘
صدر بش نے کہا کہ ’ایران کے بہترین مفاد میں ہے کہ وہ یہ سمجھنے کی کوشش کرے کہ اگر اس نے جوہری پرگروام کو مکمل اور قابل تصدیق انداز میں بند نہ کیا تو دنیا یک جا ہو کر اس کے خلاف اقدام کرے گی اور یک جا ہو کر اقدام کرنے کے اگلے مرحلے میں سلامتی کونسل سے رجوع کیا جائے گا۔‘
بدھ کو امریکی انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے اس اعتماد کا اظہار کیا تھا کہ اگر ایران یورینیم کی افزودگی بند نہیں کرتا تو روس اور چین اس کے خلاف پابندیاں لگانے پر غور کریں گے۔
ویانا میں امریکہ، یورپ، چین اور روس کے وزرا خارجہ ’ کیرٹ اور اسٹک‘ کی پالیسی یعنی ایک طرف تو مراعات کا لالچ اور دوسری پابندیوں کی دھمکی دینے کی پالیسی اختیار کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ خیال کیا جارہا ہے کہ مراعات کے اس پیکج میں تجارت، دفاع، ٹیکنالوجی سے لے کر ایران کو جوہری بجلی بنانے کے لیے ہلکے پانی کے جوہری ری ایکٹر تیار کے لیےتعاون فراہم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔
اس پیکج کے ابتدائی مسودے کے مطابق ایران کے خلاف ممکنہ پابندیوں میں ایران پر ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کی تجویز شامل تھی جو کہ روس اور چین کے لیے قابل قبول نہ ہوں۔ روس ایران کو ہتھیار فروخت کرنے والا بڑا ملک ہے جبکہ چین ایرانی تیل کا بڑا خریدار ہے۔