http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 29 May, 2006, 06:17 GMT 11:17 PST

امریکی صحافیوں سمیت 60 ہلاک

عراقی دارالحکومت بغداد اور دیگر شہروں میں ہونے والے متعدد بم دھماکوں میں کم از کم ساٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

عراقی پولیس کے مطابق بغداد کے ایک سنی علاقے میں دو کار بم حملوں میں کم از کم سترہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ اس کے قریب ہی ایک شیعہ اکثریت والے علاقے میں ایک بم دھماکے میں سات افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

عراق: بم دھماکے اور ہلاکتیں

اس کے علاوہ بھی عراقی دارالحکومت میں کئی بم حملے ہوئے ہیں۔ ایک حملے میں امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس نیٹ ورک کے دو صحافی ہلاک ہو گئے۔ اسی طرح ایک دوسرے حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے۔

عراقی حکام کے مطابق بغداد سے اسّی کلومیٹر فاصلے پر واقع خالص نامی قصبے میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے کے واقعے میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے۔ پیر کی صبح ہونے والے اس حملے کا نشانہ وہ افراد بنے جو اپنے روزگار پر جا رہے تھے۔

یہ دھماکہ دیالہ نامی صوبے میں ہوا ہے جہاں بعقوبہ اور خالص جیسے علاقے واقع ہیں جو کہ عراق میں تین سال سے جاری مسلح مزاحمت کا گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔گزشتہ چند ماہ سے عراق میں مزاحمت کاروں کی جانب سے شہریوں اور حفاظتی افواج پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

دریں اثناء برطانوی وزارتِ دفاع نے بھی بصرہ میں اتوار کو ایک بم حملے میں دو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔