Friday, 26 May, 2006, 10:45 GMT 15:45 PST
فلسطین کی برسرِ اقتدار جماعت حماس نے غزہ کی گلیوں سے اپنے نیم فوجی دستے واپس بلا لیئے ہیں۔
اس فورس کو دس دن پہلے غزہ کی گلیوں میں تعینات کیا گیا تھا اور اس دن سے اس کی فلسطینی پولیس اور فوجی یونٹوں سے جھڑپیں جاری ہیں۔
حماس کے حامیوں اور سابق برسرِ اقتدار پارٹی فتح کے حامیوں کے درمیان حالیہ جھڑپوں میں کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
نیم فوجی دستوں کے مطابق انہیں سڑکیں خالی کرنے کا حکم وزیرِ داخلہ کی طرف سے ملا ہے۔ اب ان کی جگہ باقاعدہ فورسز نے لے لی ہے۔
حماس نے غزہ کی پٹی میں تین ہزار کے قریب فوج تعینات کی ہوئی ہے جس میں کچھ باقاعدہ فوجیوں کے علاوہ شدت پسند گروہ بھی شامل ہیں۔ اس تعیناتی کی وجہ سے وہاں لاقانونیت اور عدمِ تحفظ کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔
جنوری میں ہونے والے عام انتخابات میں بھاری فتح حاصل کرنے کے بعد حماس نے پہلی مرتبہ قومی سیاست میں قدم رکھا ہے۔