http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 22 May, 2006, 17:14 GMT 22:14 PST

لیڈز کا پہلا مسلمان میئر منتخب

برطانیہ کے شہر لیڈز میں پہلی بار کسی ایشیائی کو لارڈ میئر کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

میئر کے لیے منتخب ہونے والے محمد اقبال لیڈز کے جنوب میں واقع ہنسلٹ وارڈ کے سے کونسلر منتخب ہوئے تھے۔

لندن پر 7 جولائی کو کیے جانے والے بم حملوں میں ملوث تین بمباروں کا تعلق لیڈز کے ان علاقوں سے تھا جو ان کے حلقے سے ملحق ہیں۔

محمد اقبال لیڈز کی مسلمان برادری کی جانب سے لندن حملوں کی مذمت کرنے میں پیش پیش تھے۔

انہوں نے کہا ہے کہ وہ کوشش کریں گے کہ بحیثیت میئر مختلف عقائد اور ثقافتوں کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ قریب لانے کے لیے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ’لیڈز کا پہلا ایشیائی لارڈ میئر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کرنے پر انہیں انتہائی خوشی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’لیڈز کا شہر دنیا بھی سے آنے والے لوگوں کا خیر مقدم کرنے کی عظیم روایت کا امین ہے۔ اس شہر نے میرے خاندان کا بھی خیر مقدم کیا اور اب اس شہر کی نمائندگی کا ایک ایسا موقع ملنا میرے لیے ایک عظیم اعزاز ہے‘۔

وہ 1970 میں جب اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان آئے تھے تو ان کی عمر صرف سات سال تھی۔ وہ پیشے کے اعتبار سے تاجر ہیں۔

ان کی اہلیہ کا نام فاطمہ ہے اور ان کے دو بچے ہیں۔ بیٹی صائقہ بائیس سال کی ہیں اور لیڈز یونیورسٹی میں قانون کی تعلین حاصل کر رہی ہیں۔ جب کے بیٹا اویس نو سال کا ہے۔