Sunday, 14 May, 2006, 10:34 GMT 15:34 PST
عراق میں امریکی فوج نے کہا ہے کہ بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب امریکی فوجی اڈے کے قرب میں ہونے والے دو خود کش بم حملوں میں چودہ عراقی ہلاک ہو گئے ہیں۔
اس کے علاوہ بغداد اور موصل میں عراقی پولیس کی ٹیموں پرحملوں میں پندرہ لوگ ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
تشدد کے واقعات میں ہلاک ہونے والوں میں عراقی وزیر خارجہ ہوشیار زیباری کے دو محافظ بھی شامل ہیں۔ہوشیار زیباری گاڑیوں کےاس قافلے کے ساتھ سفر نہیں کر رہے تھےجس پر حملہ کیاگیا۔
شمالی بغداد میں تین پولیس اہلکار اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کی گاڑی سڑک پر نصب بم سے ٹکرا گئی۔اس واقعے میں تیرہ شخص زخمی ہو گئے ہیں۔
شہر کے جنوبی علاقے میں سبزی منڈی میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
بغداد کے علاوہ عراق کے شمالی شہر موصل میں بھی تشدد کے واقعات ہوئے ہیں جس میں کم از کم ایک پولیس اہلکار مزاحمت کاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔