Wednesday, 10 May, 2006, 06:52 GMT 11:52 PST
انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے صدام حسین کی حکومت کے خاتمے کے بعد بوسنیا سے بڑے پیمانے پر ہتھیار عراق پہنچائے۔
یہ الزام ایمنسٹی انٹرنیشنل کی اس رپورٹ میں لگایا گیا ہے جو ہتھیاروں کی سمگلنگ پر پابندی سے بچنے کے لیئے نجی ذرائع کے بڑھتے ہوئے استعمال کے متعلق ہے۔
اے ایف پی کے مطابق اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزارت دفاع نے ایک نجی کمپنی کو بوسنیا کی جنگ کے بچے ہوئے ہتھیار عراق پہنچانے کا کام سونپا۔ ان ہتھیاروں کو عراق کی نئی فوج کے حوالے کیا جانا تھا۔
رپورٹ کے مطابق کمپنی نے اس کام کو مزید کئی کمپنیوں میں بانٹ دیا جن میں سے ایک کمپنی پر پہلے ہی امریکہ کی جانب سے لائبیریا میں اسلحہ پر پابندی کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مواصلات کی جدید سہولیات کی وجہ سے اسلحہ کی نقل و حمل پر بین الاقوامی پابندیاں غیر موثر ہو رہی ہیں۔