Monday, 08 May, 2006, 02:56 GMT 07:56 PST
برازیل بھی دنیا کے ان چند ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جو یورینیم کو آفزودہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
جمعہ کے روز ریاست ریو ڈی جنیرو کی ریسنڈے جوہری پلانٹ میں سینٹریفوج کی ایک سہولت کھول دی گئی ہے۔ برازیل میں یورینیم کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور اس کے سائنسدانوں کا دعویٰ ہے کہ برازیل کی یورینیم آفزودگی کی ٹیکنالوجی امریکہ اور فرانس سمیت دنیا کے تمام ممالک سے اعلی ہے۔
برازیل کی حکومت کا کہنا ہے کہ آفزودہ یورینیم ملک میں توانائی کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
برازیل اور اقوام متحدہ کے ایٹمی نگران ادارے آئی اے ای اے کے درمیان گزشتہ سال فروری میں ضروری تحفظات پر سمجھوتا ہو گیا تھا تاکہ اس کا تعین کیا جا سکے کہ یورینیم کی آفزودگی کا عمل اسلحہ بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
برازیل کا کہنا کہ اگلے دس سالوں میں اس کا ملک یوریینم کی آفزودگی میں مکمل خود مختار ہو جائےگا۔ برازیل کا موقف ہے کہ اس کا جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہ یہ جدید ٹیکنالوجی صرف اور صرف پرامن مقاصد کے لیے حاصل کرنا چاہتا ہے۔