Sunday, 07 May, 2006, 15:38 GMT 20:38 PST
امریکی صدر جارج بش نے ایک جرمن اخبار کو ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ صدر بننے کے بعد سے ان کی زندگی کا بہترین لمحہ وہ تھا جب انہوں نے اپنی جھیل سے تین کلو وزنی مچھلی پکڑی تھی۔
صدر بش نے کہا کہ ان کے دورِ صدارت میں’بہت سے عظیم لمحات‘ آئے ہیں اور ان میں سے کسی ایک کا انتخاب بہت مشکل ہے لیکن مچھلی پکڑنا سب سے پر لطف تھا۔
جارج بش نے گیارہ ستمبر 2001 کے حملوں کو اپنےصدارتی کیرئر کا بدترین لمحہ قرار دیا اور کہا کہ ’ان حالات میں واقعات کو سمجھنے میں ہی کچھ وقت لگ جاتا ہے مگر میں کہوں گا کہ جب اصل تصویر میرے سامنے آئی تو وہ واقعی میرے لیئے مشکل ترین لمحہ تھا‘۔
جرمنی میں آئندہ ماہ ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر بش نے کہا کہ’جب میں جوان تھا تو اس قسم کی فٹ بال کو کوئی نہیں جانتا تھا۔ یہ تو امریکہ کی نئی نسل ہے جو اس کھیل کے ساتھ جوان ہوئی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ ان لوگوں کے لیئے ورلڈ کپ نہایت دلچسپی کا حامل ہے اور مجھے بھی اب یہ معلوم ہے کہ یہ دنیا کا سب سے اہم سپورٹس ایونٹ ہے‘۔