Thursday, 04 May, 2006, 08:35 GMT 13:35 PST
مشہور مصور پکاسو کی بنائی گئی ایک تصویر کو پچانوے اعشاریہ دو ملین ڈالر کے عوض فروخت کیا گیا ہے۔
یہ قیمت کسی بھی تصویر کی نیلامی میں لگائی جانے والی دوسری سب سے بڑی قیمت ہے۔ اس سے قبل سنہ 2004 میں پکاسو کی ہی ایک تصویر’بوائے ود اے پائپ‘ کو ایک سو چار ملین ڈالر کے عوض نیلام کیا گیا تھا۔
’ڈورا مار وِد کیٹ‘ نامی پکاسو کی یہ تصویر ان کی محبوبہ ڈورا مار کا ایک پورٹریٹ ہے اور اسے 1941 میں بنایا گیا تھا اور اسے نیویارک میں ایک گمنام خریدار نے خریدا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ ڈورا مار خود بھی ایک فنکارہ تھیں اور انہوں نے پکاشو کی شہرۂ آفاق تخلیق’گوارنیکا‘ کی تخلیق میں ان کی مدد کی تھی۔ پکاسو کی اس تصویر میں سپین کی خانہ جنگی کا منظر دکھایا گیا ہے۔
’ڈورا مار وِد کیٹ‘ کی نیلامی کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ اس تصویر کی ’مجسماتی شبیہہ‘ اور رنگوں کا بہترین استعمال ہی اسے اتنا قیمتی بناتا ہے۔ ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ حیران اور بہت خوش ہیں کہ یہ تصویر اتنی زیادہ قیمت پر فروخت ہوئی۔