http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 04 May, 2006, 18:24 GMT 23:24 PST

القاعدہ کے جھنڈے تلے لڑنے کا اعلان

افغانستان کے جنگجؤ سردار اور سابق مجاہدین رہنما گل بدین حکمت یار نے عرب ٹیلی ویژن چینل الجزیرہ پر ایک نشر ہونے والے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ القاعدہ کے جھنڈے تلے لڑنے کو تیار ہیں۔

گل بدین حکمت یار کو روس کے خلاف جاری ’جہاد‘ میں ایک خصوصی حیثیت حاصل تھی لیکن بعد میں امریکہ نے انہیں دہشت گرد قرار دے دیا اور افغانستان میں امریکہ فوج کے خلاف ہونے والے کئی حملوں کا انہیں ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔

الجزیرہ سے نشر ہونے والے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان کا گروہ حزب اسلامی القاعدہ کے ساتھ لڑائی میں شریک ہو گا۔

اس پیغام میں انہوں نے پاکستان اور ایران پر الزام عائد کیا کہ ان دونوں ملکوں نے افغانستان اور عراق پر امریکی حملے کی حمایت کی۔

نامہ نگاروں کے مطابق افغانستان میں گل بدین کی طرف سے القاعدہ کے ارکان کی حمایت بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ القاعدہ سے تعلق رکھنے والے زیادہ تر لوگ عرب ہیں اور عربی بولتے ہیں اور افغانستان میں بولی جانے والی زبانوں سے واقف نہیں ہیں۔