Monday, 01 May, 2006, 00:45 GMT 05:45 PST
نیپال میں پارلیمان نے نئے آئین کی تشکیل جس میں بادشاہت کے کردار کا نئے سرے سے تعین کیا جا سکے انتخابات کرانے کی تجویز کی حمایت کی ہے۔
پارلیمان میں اس تجویز کی حمایت گرجا پرساد کوئیرالا کے وزیر اعظم کا عہدہ اٹھانے کے بعد کی گئی۔ شاہ گیانندرا نے گرجا پرساد کوئیرالا سے حلف لیا جس کے بعد بادشاہ کی براہراست حکومت ختم ہو گئی ہے اور اختیارات حکومت کو منتقل ہو گئے ہیں۔
پارلیمان کے انتخابات ماؤ باغیوں کا اہم مطالبہ ہے جو شاہ گیانندرا کا اقتدار ختم کرنے کے لیے مسلح جدوجہد کررہے ہیں۔
ارکانِ پارلیمان سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم کوئیرالا نے ماؤ باغیوں سے اپیل کی کہ وہ مسلح جدوجہد ختم کرکے امن مذاکرات میں شامل ہو جائیں۔
چوراسی سالہ وزیر اعظم کوئیرالا صحت کی خرابی کی بنا پر چار گھنٹے جاری رہنے والی پارلیمان کے اجلاس کی پوری کارروائی میں نہیں بیٹھ سکے۔
پارلیمان کے ایک سینئر رکن نے ان کی جگہ پارلیمان میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں نئے انتخابات ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیئے بہت ضروری ہیں۔
تاہم نئے انتخابات کرانے کی تجویز پر باقاعدہ رائے شماری نہیں کرائی گی البتہ ارکان نے زبانی اس تجویز کی حمایت کی۔