Saturday, 29 April, 2006, 14:08 GMT 19:08 PST
افغانستان میں ٹیلی کمیونیکیشن کے ایک منصوبے پر کام کرنے والے بھارتی انجینئر کو طالبان نے اغواء کر لیا ہے۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے طالبان کے ترجمان نے کہا ہے کہ مغوی کی قسمت اور اپنے مطالبے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اس سے پہلے نومبر میں بھی طالبان نے ایک بھارتی باشندے کو اغواء کر کے ہلاک کر دیا تھا۔
گورنر زابل کے ترجمان گلاب شاہ علی خیل نے خبر رساں ادارے رائٹر کو بتایا ہے کہ ’ہم ان تمام مقامات کی تلاشی لے رہے ہیں جہاں جہاں ہماری اطلاع کے مطابق مغوی انجینئر کے ہونے کا امکان ہو سکتا ہے‘۔
مغوی انجینئر افغانستان میں رجسٹرڈ بحرین کی ایک ٹیلی کمیونیکیشن فرم کے ملازم تھے۔
کمپنی کے نمائندے نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمیں محفوظ واپسی کی توقع ہے اور ہم حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کوششیں کر رہے ہیں تا کہ اس معاملے کو جلد از جلد سلجھایا جا سکے۔