Friday, 28 April, 2006, 12:21 GMT 17:21 PST
ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ان کو عالمی جوہری ادارے کی رپورٹ کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور وہ اپنا جوہری پروگرام جاری رکھیں گے۔
عالمی جوہری ادارے آئی اے ای اے کی طرف سے ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں رپورٹ جمعہ کے روز سکیورٹی کونسل کے حوالے ہونے والی ہے۔
ایرانی صدر احمدی نژاد نے کہا کہ ان کو کسی رپورٹ کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
تہران میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ ایسی قوتیں جو ایران کا جوہری پروگرام ختم کرنے کے مطالبہ کر رہی ہیں ان کو جان لینا چاہیے کہ ایران کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے ایران کو اٹھائیس اپریل تک مہلت دے رکھی تھی کہ اپنے جوہری پروگرام پر سے عالمی خدشات دور کرے وگرنہ اس پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔
ایران کا کہنا ہے کہ وہ یورینیم کی آفزودگی کو نہیں روکے گا۔ ایران کا موقف ہے کہ اس کا جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور اس کی پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
امریکہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کونسل کو ایران کے خلاف کارروائی کرنے چاہیے اور اس کی ساکھ دو پر لگی ہوئی ہے ۔
سکیورٹی کونسل کی طرف سے ایک مہینے کے الٹیمٹم کے بعد آئی اے ای اے کے سربراہ محمد البرادی نے ایران کی جوہری تنصبات کا دورہ کیا تھا۔
مبصرین کا خیال ہے کہ آئی اے ای اے سکیورٹی کونسل کو اپنی رپورٹ میں بتائے گا کہ ایران نے جوہری پروگرام روکنے سے انکار کر دیا ہے۔