Tuesday, 25 April, 2006, 10:07 GMT 15:07 PST
ایران کے نیشنل سکیورٹی چیف علی لاریجانی نے کہا ہے کہ اگرایران پر عالمی پابندیاں عائد کی گئیں تو وہ عالمی جوہری ادارے کے ساتھ تعاون ختم کر دے گا۔
تہران میں ہونے والی جوہری توانائی کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی لاریجانی نے کہا کہ پابندیوں کی صورت میں ایران اپنے جوہری پروگرام میں تیزی بھی لا سکتا ہے۔
اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے ایران کو اٹھائیس اپریل تک مہلت دے رکھی ہے کہ اپنے جوہری پروگرام پر سے عالمی خدشات دور کرے وگرنہ اس پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔
ایران نے اسی مہینے اعلان کیا تھا کہ اس نے پہلی بار یورینیم افزودہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے۔ مغربی دنیا کا خیال ہے کہ ایران جوہری ہتھیار بنانا چاہتا ہے جبکہ ایران اس بات کی تردید کرتا ہے۔
علی لاریجانی نے کہا کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو ایران کا جوہری پروگرام زیر زمین چلا جائے گا۔
علی لاریجانی نے تیل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے امکان کو بھی رد نہیں کیا۔