Sunday, 23 April, 2006, 08:09 GMT 13:09 PST
عراقی پولیس کا کہنا ہے کہ بغداد میں مارٹرگولے پھٹنے سے چھ شہری ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تین مارٹرگولے سخت سکیورٹی والے گرین زون میں پھٹے جبکہ دیگر دھماکے عراق کی وزارتِ داخلہ اور سٹیڈیم کے قریب ہوئے۔
بغداد میں سکیورٹی افواج جائے حادثہ کا معائنہ کر رہی ہیں۔ پولیس اہلکار میثم عبدالرزاق نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ مرنے والے چھ افراد کی شناخت کرنا مشکل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ طاقتور دھماکوں اور مارٹر کے ٹکڑے لگنے سے نہ صرف متوفین کے اعضا کٹ گئے بلکہ ان کے شناختی کاغذات بھی ضائع ہوگئے۔تاہم ان کے مطابق مرنے والے ایک شخص کا تعلق عراقی وزارتِ دفاع سے تھا۔
دریں اثناء حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کو ہی عراقی پولیس نے بغداد کے شمال میں گولیوں سے چھلنی چھ لاشیں برآمد کی ہیں۔ حکام کے مطابق پولیس کمانڈوز کو یہ لاشیں ال سلیخ کے علاقے سے ملیں۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ افراد بھی عراق میں جاری حالیہ فرقہ وارانہ جارحیت کا نشانہ بنے ہیں۔ یاد رہے کہ 22 فروری کو سامرہ میں شیعوں کے مقدس روضے پر بم حملے کے بعد عراق میں درجنوں افراد فرقہ وارانہ شدت پسندی کا نشانہ بن چکے ہیں۔