عراق کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں اور تشدد کی کارروائیوں میں انیس افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
اطلاعات کے مطابق عراقی قصبے محمودیہ میں ایک کار بم دھماکے میں کم از کم دس افراد ہلاک اور بیس زخمی ہوئے ہیں۔
یہ دھماکہ ایک مقامی بازار میں ہوا۔ تاہم کچھ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق اس دھماکے کا نشانہ ایک شیعہ مسجد تھی۔
اس سے قبل بغداد میں ایک اور بم دھماکے میں چار افراد مارے گئے۔
ادھر امریکی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے بغداد کے مضافات میں یوسفیہ کے علاقے میں پانچ مشتبہ مزاحمت کاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ فوجی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے تین مزاحمت کاروں نے بارود بھری جیکٹ پہن رکھی تھی۔
عراق میں ہفتے کو بھی تشدد کے مختلف واقعات میں ایک برطانوی فوجی سمیت گیارہ افراد مارے گئے تھے۔ برطانوی فوجی بصرہ میں ایک بم کا نشانہ بنا جبکہ دیگر دو بم دھماکوں میں تین عراقی فوجیوں سمیت سات لوگ مارے گئے۔
اس کے علاوہ بغداد میں سکیورٹی افواج اور مزاحمت کاروں کے درمیان جھڑپ میں بھی دو لوگ مارے گئے تھے۔