http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 15 April, 2006, 16:52 GMT 21:52 PST

غزہ پولیس کا پرتشدد مظاہرہ

غزہ میں پولیس نے تنخواہیں نہ ملنے پر فلسطین کی نئی حماس حکومت کے خلاف پر تشدد مظاہرہ کیا ہے۔

چہروں پر ماسک پہنے ہوئے 50 پولیس افسران نے سڑکوں کو بلاک کردیا اور ایک سرکاری دفتر پر حملہ کرکے ہوائی فائرنگ بھی کی۔

ان کا کہنا ہے کہ انہیں شدید مالی مشکلات درپیش ہیں۔ پولیس افسران کی تنخواہیں ملنے میں اس مرتبہ دو ہفتے کی تاخیر ہوگئی ہے۔ ان کا مطالبہ ہےکہ انہیں فوری طور پر ان کی تنخواہیں ادا کی جائیں۔

نئی انتظامیہ شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ فلسطینی انتخابات میں حماس کی جیت کے بعد امریکہ اور یورپی یونین نے فلسطینی اتھارٹی کی امداد اس وقت تک معطل کر دی ہے جب تک حماس اسرائیل کے وجود کو تسلیم نہیں کرتی اور مسلح جہدوجہد کا راستہ ترک نہیں کرتی۔

دوسری جانب روس نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کی فوری طور پر مالی مدد کرے گا۔ روس کی طرف سے یہ اعلان وزیر خارجہ سرگئی لاروف اور فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے مابین ٹیلیفون پر ہونے والی بات چیت کے بعد کیا گیا۔

روس کا بھی موقف ہے کہ حماس مسلح جہدوجہد ختم کر کے اسرائیل کو تسلیم کر لے لیکن وہ ایسا نہ کرنے پر حماس کے خلاف ایکشن لینے کا حامی نہیں ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کی امداد سے متعلق روس کا موقف ہے کہ حماس کی انتخابات میں جیت کے بعد امداد بند کرنا ایک غلطی ہے کیونکہ اس سے علاقے میں پائیدار امن قائم کرنے کی کوششوں میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔

فلسطین کے صدر محمود عباس نے روس کی طرف سے فوری امداد کے اعلان پر روس کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے فلسطین کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بات چیت کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

حماس کا دعوٰی ہے کہ سابق حکومت ایک اعشاریہ تین بلین ڈالر سے مقروض تھی۔