Thursday, 13 April, 2006, 18:29 GMT 23:29 PST
پولیس کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں شعیہ اکثریتی علاقے میں کار کے ذریعے کیے جانے والے خودکش بم حملے میں کم از کم تیرہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
گزشہ روز بغداد کے قریب حوویدر نامی گاؤں میں شعیہ مسجد کے قریب ایک مصروف بازار میں بم پھٹنے سے پچیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اس سے قبل عراق میں امریکی فوجی حکام نے بتایا تھا کہ جنوب مشرقی بغداد میں جمعرات کو سڑک کے قریب نصب پھٹنے سے ایک امریکی فوجی ہلاک ہو گیا تھا جبکہ ایک اور دھماکے میں تین امریکی فوجی مارے گئے۔
پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بغداد میں حکومتی اہلکاروں کو خودکش حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سفارت خانے کے ایک ملازم کو اغواء کیا گیا، ایک اور واقعے میں محمکہ صحت کی ایک اہلکار زخمی ہوئیں جبکہ ان کا ڈرائیور ہلاک ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سڑک کے اطراف نصب بم پھٹنے اور فائرنگ سے اب تک کئی راہ گیر ہلاک ہو چکے ہیں۔