http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 13 April, 2006, 03:22 GMT 08:22 PST

محمد البرادعی ایران پہنچ گئے

بین الاقوامی جوہری ادارے کے سربراہ محمد البرادعی نےتہران پہنچ کر کہا ہے کہ وہ ایران کو راہِ راست پر لانے کی کوشش کریں گے۔

محمد البرادعی کے ایران پہنچنے کے ایک روز پہلے ایران کے صدر نے اعلان کیا تھا کہ ایران یورینیم کو افزودہ کر کے ایٹمی صلاحیت رکھنے والے ملکوں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔

ایران پہنچنے پر بین الاقوامی جوہری ادارے کے سربراہ نے کہا کہ وہ ایران کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ وہ حل طلب معاملات کے حل تک یورینیم کی افزودگی کو بند کر دے ۔

گزشتہ ماہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران کو اٹھائیس اپریل تک کی مہلت دیتے ہوئے اس سے کہا تھا کہ یورینیم کی افزودگی معطل کرے اور جوہری توانائی کے عالمی ادارے کی درخواست کی تعمیل کرتے ہوئے زیادہ تعاون اور خود کو مزید شفاف بنائے۔

محمد البرادعی نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو اٹھائیس اپریل تک رپورٹ کرنا ہے کہ کیا ایران نے اقوام متحدہ کی تنبیہ پر کوئی عمل کیا ہے یا نہیں۔

محمد البرادعی نے کہا کہ وہ ایران کوقائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کے بارے عالمی خدشات کے دور ہونے تک یورینیم کی آفزودگی کو معطل کر دے۔

محمد البرادعی کے ایران میں پہنچنے کے روز ایران کے جوہری پروگرام کے نائب سربراہ نے کہاہے کہ ایران یورینیم کی افزودگی کو بڑھانا چاہتا ہے اور وہ سینٹریفیوج کی موجودہ صلاحیت کو بڑھا کر 54000 ہزار تک لے جانا چاہتا ہے۔