http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 12 April, 2006, 00:00 GMT 05:00 PST

یورینیم آفزودہ کر لی: ایرانی صدر

ایران کے صدر نے اعلان کیا ہے کہ ایران نے پہلی دفعہ کامیابی سی یورینیم کو آفزودہ کر لیا ہے۔

ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے سرکاری ٹیلویژن پر تقریر کے دوران دعویٰ کیا کہ ایران نے پہلی دفعہ کم درجے کی یورینیم کو آفزودہ کر لیا ہے اور وہ اب جوہری صلاحیت رکھنے والے ملکوں کی صف میں شامل ہو چکا ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے اور اس کا ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

محمود احمدی نژاد نے کہا کہ ایران کو یورینیم کی آفزودگی کے کام کو تیز کرنا چاہیے تاکہ اس کو پرامن صنعتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

ایران نے یورینیم کی آفزودگی کا اعلان ایک ایسے موقعے پر کیا ہے جب اقوام متحدہ کے جوہری ادارے، آئی اے ای اے کے سربراہ محمد البرادی ایران کا دورہ شروع کرنے والے ہیں۔

ایرانی صدر نے مغربی ممالک سے کہا ہے کہ وہ ایران کے ایٹمی ٹیکنالوجی حاصل کرنے کے حق کو تسلیم کریں۔

ایران کے صدر کی طرف یورینیم کی افزودگی کے اعلان کے بعد امریکہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ایران غلط سمت میں بڑھ رہا ہے۔

امریکہ اور دوسرے کئی ممالک ایران پر جوہری پروگرام ختم کرنے کے دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ایران کا موقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے اور وہ جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔