Tuesday, 11 April, 2006, 10:26 GMT 15:26 PST
برطانیہ کی رائل ایئرفورس کے ایک ڈاکٹر کے عراق جانے سےانکار پر ان کا کورٹ مارشل منگل کو برطانیہ میں شروع ہو گیا ہے۔
فلائٹ لیفٹیننٹ ڈاکٹر میلکم کینڈل سمتھ نے عراق جانے سے انکار یہ کہہ کر کیا تھا کہ وہاں اتحادی فوجوں کی موجودگی غیرقانونی ہے۔
میلکم کینڈل سمتھ کو کورٹ مارشل میں پانچ الزامات کا سامنا ہے جن میں عراق جانے کے لیے ضروری ٹریننگ لینے سے انکار اور بصرہ میں تعنیاتی کے احکامات سے حکم عدولی شامل ہیں۔
کورٹ مارشل کی باقاعدہ کاروائی سے قبل گزشتہ ماہ جب کینڈل سمتھ کا مقدمہ ایک خصوصی عدالت میں پیش ہوا تو متعلقہ جج نے اپنے فیصلے میں انہیں احکامات سے انکار کا مرتکب پایا تھا۔ جج نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ جب سن دو ہزار پانچ میں میلکم کینڈل سمتھ کواحکامات دیے گئے تھے تو وہ قانونی تھے کیونکہ اس وقت تک اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل اور عراق کی حکومت نے غیر ملکی افواج کو عراق آنے کی اجازت دے دی تھی۔