Friday, 07 April, 2006, 10:41 GMT 15:41 PST
افغانستان میں حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی صوبے ہلمند کے علاقے لشگر گاہ میں امریکی فوجی اڈے کے قریب خودکش کار بم دھماکے میں دو فوجی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
صوبے کے گورنر نے بی بی سی کو بتایا کہ حملے کا نشانہ اس علاقے میں افغان پولیس فورس کی تربیت پر معمور امریکی کمپنی تھی۔ ڈائنکروپ نامی یہ کمپنی اس علاقے میں افغان پولیس فورس کو پوپی کی کاشت کے خاتمے کی تربیت دے رہی ہے۔گورنر نے بتایا کہ اس حملے میں القاعدہ اور دہشت گرد ملوث ہیں۔
کابل میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ لشکر گاہ میں امریکی فوجی اڈے پر اس قسم کا یہ پہلا حملہ ہے۔
برطانیہ ان دنوں اپنے تین ہزار تین سو فوجی اس علاقے میں بھیجنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ علاقے میں کچھ عرصے سے مزاحمتی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔