Thursday, 06 April, 2006, 11:51 GMT 16:51 PST
عراق کے جنوبی شہر نجف میں ایک کار بم دھماکے میں دس افراد ہلاک اور کم از کم تیس زخمی ہو گئے ہیں۔
حضرت علی کے روضہ سے تین سو میٹر کے فاصلے پر ہونے والے اس بم دھماکے کے بعد ایمبولینسوں کو اس طرف جاتے دیکھا گیا۔
حضرت علی کا روضہ شیعہ فرقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیئے دنیا میں مقدس ترین مقامات میں شامل ہے۔
نجف میں یہ دھماکہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب بغداد میں حکومت سازی کی کاوشیں تعطل کا شکار ہو گئی ہیں اور اس ضمن میں ملک کی مختلف جماعتوں میں کشمکش بڑھ گئی ہے۔
عینی شاہدوں کے مطابق اس دھماکے کی شدت کی بنا پر قرب و جوار میں کھڑی کم از کم دس گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
نجف میں سن دو ہزار چار میں مقتدی الصدر کی مہدی آرمی اور امریکی فوج کے درمیان جھڑپیں ہو چکی ہیں۔