http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 06 April, 2006, 07:34 GMT 12:34 PST

حماس وزیر کئی گھنٹوں بعد رہا

اسرائیلی پولیس نے فلسطینی اتھارٹی کے یروشلم کے امور کے وزیر کو کچھ دیرگرفتار رکھنے کے بعد رہا کر دیا ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کے یروشلم کے امور کے وزیر خالد ابو عرفہ کو اسرائیلی پولیس نے جمعرات کی صبح کو یروشلم سے گرفتار کر لیا تھا۔

حماس کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ابو عرفہ یورشلم کے رہائشی ہیں اور وہ اس سے پہلے بھی پولیس کی حراست میں رہے چکے ہیں۔

فلسطینی انتخابات میں حماس کی کامیابی کے بعد خالد ابو عرفہ کو فلسطینی اتھارٹی کی کابینہ میں شامل کیا گیا تھا۔

حماس کے انتخابات میں کامیابی کے بعد اسرائیل ، امریکہ اور یورپی ممالک نے حماس پر زور دیا تھا کہ وہ اسرائیلی کے وجود کو تسلیم کر لے اور اگر وہ ایسا نہیں کرے گی تو اس کو ملنے والی امداد بند کر دی جائے گی۔ حماس نے اسرائیل کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

ادھر فلسطینی اتھارٹی کے نومنتخب وزیراعظم اسماعیل حنیہ نے فلسطینی کابینہ کے پہلے باقاعدہ اجلاس میں فلسطینی انتظامیہ کو درپیش شدید مالی بحران کی تصدیق کی ہے۔

حماس حکومت کی کابینہ کے پہلے اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں ورثے میں ایک ایسی وزارتِ خزانہ ملی ہے جس کا خزانہ خالی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ نئی حکومت فلسطینی انتظامیہ کے لاکھوں ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے لیئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

فلسطینی انتظامیہ کو درپیش مالی بحران اس وقت سے شدید تر ہوگیا ہے جب سے اسرائیل نے فلسطینی حکومت کو فلسطینیوں کی جانب سے ادا کردہ ماہانہ محصولات کی رقم کی فراہمی روک دی ہے۔