http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 01 April, 2006, 13:53 GMT 18:53 PST

ایران کو امداد کی پیشکش

امریکہ نے ایران کے مغربی صوبہ لورستان میں آنے والے زلزلہ کے متاثرین کو امداد کی پیشکش کی ہے۔

ایران کی خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ نکولس برنز نے اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر جاوید ظریف کو فون پر امداد کی پیشکش کی۔

امریکی سفارت کار نے ایران کو پیشکش کی کہ وہ زلزلہ متاثرین کے لیے کمبل، پینے کا صاف پانی اور دوسری ضروری اشیا فراہم کر سکتا ہے۔

ایرانی سفارت کار نے امریکی نائب وزیر خارجہ کو بتایا کہ ایران نے زلزلہ متاثرین کے لیے بیرونی دنیا سے امداد کی اپیل نہیں کی ہے اس لیے وہ امریکہ کی امداد کا خواہش مند نہیں ہے۔

ایران کے مغربی صوبہ لرستان میں آنے والے زلزلوں میں ستر افراد ہلاک اور ایک ہزار کے قریب زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔