Friday, 31 March, 2006, 09:03 GMT 14:03 PST
ایک فلسطینی نے اسرائیلی آبادکاروں کی بستی كادوميم میں خود کش حملہ کر کے چار اسرائیلیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
خود کش حملے کے بعد اسرائیل کے فوجیوں نے غزہ میں مشتبہ حملہ آور کے گھر پر چھاپہ مارا۔اسرائیل میں ہونے والے انتخابات کے صرف دو روز بعد یہ حملہ کیا گیا ہے۔
اسرائیل کی پولیس کا کہنا ہے کہ فلسطینی بمبار نے روایتی یہودی کا روپ دھار رکھا تھا اور اس نےایک گاڑی میں لفٹ لی جس میں چار اسرائیلی سوار تھے۔ حملہ آور نے گاڑی کو دھماکہ سے اڑا دیا۔
فلسطینی کی الفتح پارٹی کی پیداوار العقصیٰ مارٹر بریگیڈ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعوی کیا کہ حملہ آوار کا نام احمد مشارکہ تھا اور وہ غرب اردن کے شہر ہیبرون کا رہنے والا تھا۔
حملے کے کچھ ہی دیر بعد اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کے علاقے میں بمباری کی۔ اسرائیل کے مطابق کارروائی مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف کی گئی ہے۔
اسرائیلی حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
اسرائیل کے امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کا شکار ہونے والی گاڑی میں تین لاشیں فوراً ہی مل گئیں جبکہ چوتھی لاش کچھ دور سے ملی۔
اسرائیل کی پولیس کو ابھی یقین نہیں ہے کہ حملہ آور نے گاڑی میں لفٹ لینے کے بعد گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا تھا یا وہ الگ کار میں سفر کر رہا تھا۔