http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 30 March, 2006, 11:56 GMT 16:56 PST

اسرائیل کی امریکی حمایت کا امکان

امریکہ کی وزیر خارجہ کونڈا لیزا رائس نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ امریکہ قدیمہ پارٹی کی سرحدوں کے تعین کی یک طرفہ پالیسی کی حمایت کرنے پر تیار ہو سکتا ہے۔

قدیمہ پارٹی نے اس ہفتہ ہونے والے اسرائیلی انتخابات میں اکثریتی جماعت کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی ہے۔

کونڈا لیزا رائس نے اس امکان کو نظر انداز نہیں کیا کہ اسرائیل فلسطین سے اس معاملے پر مذاکرات کے ذریعے کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ہی اپنی سرحدوں کا تعین کر سکتا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یقینا ہر شخص اس معاملے کا حل بات چیت کے ذریعے طے ہوتے دیکھنے کا خواہش مند ہے لیکن مشکل یہ ہے کہ فلسطینیوں نے ایک ایسی حکومت کو منتخب کیا ہے جو مذاکرات کی مخالف ہے‘۔

مسقتبل میں بننے والی اسرائیلی پارلیمنٹ میں قدیمہ اکثریتی پارٹی کے طور پر سامنے آئے گی تاہم اسے پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے کم از کم دو اتحادیوں کی ضرورت ہے۔

سرکاری طور پر اتوار کو مخلوط حکومت کی تیاری کے لیے کوششیں شروع ہو جائیں گی۔