Thursday, 30 March, 2006, 22:48 GMT 03:48 PST
بحرین کے ساحل کے قریب سیاحوں سے بھری ایک کشتی کے ڈوبنے سے کم از کم اڑتالیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بحرین کے دارالحکومت منامہ سے آنے والی اطلاعات کے مطابق کشتی میں کم از کم ایک سو پچاس افراد سوار تھے۔ آخری خبریں آنے تک پچاس سے زائد افراد کو بچائے جانے کی تصدیق ہو سکی ہے۔
بدقسمت کشتی کو یہ حادثہ ساحل سے ایک میل دور پیش آیا۔ بحرین کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان طارق حسن نے بی بی سی کو بتایا کہ ابھی تک چوالیس لاشیں سمندر سے نکالی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشتی میں کئی ممالک کے لوگ تھے اور وہ سب کشتی پر ہونے والی ایک ڈنر پارٹی میں شرکت کر رہے تھے۔
بحرین کی کوسٹ گارڈ کے سربراہ کرنل یوسف الغاسم نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق نو بجر پینتالیس منٹ پر پیش آیا جب سیاحوں سے بھری کشتی ساحل کے قریب ہی سمندر میں ڈوب گئی۔
![]() | |
| ایک بچ جانے والا شخص بتا رہا ہے کہ حادثہ کیسے پیش آیا |
بی بی سی کے وسطیٰ ایشیا کے نامہ نگار جون لین کے مطابق امریکی نیوی ڈوبنے والوں کو بچانے کے لیئے بحرینی کوسٹ گارڈ کی مدد کر رہی ہے۔ امریکی نیوی کے ہیلی کاپٹر، چھوٹی کشتیاں اور ماہر تیراک اس آپریشن میں شامل ہیں۔
امریکی نیوی کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ڈوبنے والی کشتی ایک روایتی عرب ڈھو تھی جس میں لوگ شام کے وقت تفریح کے لیئے سیر کر رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق کشتی میں کم از کم پچیس برطانوی سوار تھے جن کے زندہ یا مردہ ہونے کی ابھی اطلاع نہیں ملی۔