Sunday, 26 March, 2006, 03:34 GMT 08:34 PST
امریکہ کی ریاست واشنگٹن کے شہر سی ایٹل میں ایک شخص نے ایک پارٹی میں شریک چھ افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا اور اس کے بعد اپنی جان بھی لے لی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ مرنے والے تمام کے تمام نو عمر تھے۔ دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور انہیں ہسپتال داخل کر لیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ایک رہائشی علاقے میں پیش آیا اور سی ایٹل پولیس کے سربراہ گل کرلی کاؤسکی کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایسا واقعہ ہے کیوکہ ماضی میں اس طرح کبھی بھی لوگوں کو گولیاں مار ہلاک نہیں کیا گیا۔
پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ جس مقام پر گولیاں چلیں، اس سے کچھ فاصلے پر ایک پولیس افسر موجود تھا جو آوازیں سن کر وہاں پہنچا۔ اس نے گولیاں چلانے والے سے بار بار کہا کہ وہ اپنی بندوق پھینک دے لیکن پولیس افسر کی بات ماننے کی بجائے قاتل نے اپنے آپ کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ جہاں گولیاں چلائی گئیں وہ ایک گھر میں موجود تقریباً پندرہ افراد نے گولیاں چلتی سنیں اور واقعہ کو دیکھا۔
قاتل خود ایک پارٹی میں شریک بتایا جاتا ہے جہاں سے وہ چلا گیا تھا لیکن واپس آنے کے بعد اس نے وہاں موجود لوگوں پر فائرنگ شروع کر دی۔