http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 23 March, 2006, 07:48 GMT 12:48 PST

جلباب کے خلاف فیصلہ

برطانیہ کے ایوان بالا یا دارالامراء نے ایک طلبہ کو سکول میں جلباب نہ پہننے کے بارے میں اپیل کی سماعت کے بعد متفقہ طور پر سکول کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔

شبینہ کا رد عمل

اس سے قبل ایک اپیل کورٹ نے اس معاملہ پر ڈینبگ ہائی سکول کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ سکول میں جلباب نہ پہننے کی اجازت دینے سے سکول نے شبینہ بیگم کی مذہبی آزادی کے حق کی نفی کی ہے۔

اپیل کورٹ کے فیصلے کے خلاف سکول کی انتظامیہ نے برطانیہ کے دارالامراء سے رجوع کیا تھا جس نے بدھ کے روز اپیل کورٹ کے فیصلے کو رد کرتے ہوئے سکول کے مؤقف کو تسلیم کرلیا ہے۔

اس فیصلے میں دارالامراء نے کہا کہ لوٹن میں واقع اس سکول کی انتظامیہ نے طلباء اور طالبات کے لیے یونیفارم کا انتخاب کرنے میں انتہائی احتیاط سے کام لیا ہے اور اس میں مسلمان طلباء اور طالبات کے مذہبی عقائدکا بھی خیال رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیفارم کے انتخاب میں وضع کیئے گئے رہنما اصول باقی مسلمانوں کے لیے قابل قبول ہیں۔

انہوں نے کہا شبینہ بیگم نے جس سکول کا انتخاب کیا ہے اس کی سکول کی انتظامیہ نے طلباء اور طالبات کے والدین کو سکول کے یونیفارم کےاصولوں سے خصوصی طور پر آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے شبینہ بیگم کے مذہبی آزادی کے حق پر کوئی زد نہیں آتی کیونکہ شبینہ نے ایک ایسے سکول کا انتخاب کیا تھا جس کی یونیفارم کے بارے میں ایک خاص پالیسی تھی۔