Monday, 13 March, 2006, 13:28 GMT 18:28 PST
افغانستان میں طالبان کا ترجمان بتانے والے ایک شخص نے کہا ہے کہ طالبان نے ملک کے جنوب میں چار مغربی باشندوں کو قتل کردیا ہے۔
اس شئص نے کہا ہے کہ ان چار افراد میں سے تین البانوی تھے جبکہ ایک کا تعلق جرمنی سے تھا۔ اس کے مطابق ان افراد کو قندہار سے اس وقت گن پوائنٹ پر پکڑا گیا تھا جب وہ اپنی گاڑیوں پر سفر کررہے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان رہنما ملا محمد عمر نے ان ہلاکتوں کا حکم دیا تھا کیونکہ ان کے مطابق یہ لوگ امریکہ کی خواہش پر یہاں آئے تھے۔
مقامی انتظامیہ نے ابھی اس خبر کی کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ برس ملک کے جنوب مشرق میں مشتبہ طالبان شدت پسندوں نے کم از کم چھ پولیس والوں کے سر قلم کر دیے تھے۔
ان افراد کی لاشیں اور کٹے ہو ئے سر کابل سے سات سو کلومیٹر دور ہلمند صوبے سے ملے تھے۔ ان پولیس والوں کو مشتبہ طالبان نے پولیس کی ایک گشتی پارٹی پر حملے کر کے اغواء کیا تھا۔
ما|ضی میں عراق میں بھی مغربی باشندوں کے اغوا اور قتل کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں جنہیں امریکہ سے تعلق کی بنیاد پر قتل کیا جاتا رہا ہے۔