http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 07 March, 2006, 01:01 GMT 06:01 PST

فلسطینی پارلیمنٹ بحران کی شکار

فلسطینی کی نئی پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس بحران کی صورت میں ختم ہوا اور فتح کے ارکانِ پارلیمان احتجاجاً اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔

اس بحران کی وجہ شدت پسند حماس کی پارلیمنٹ میں اکثریت تھی۔ جسے استعمال کرتے ہوئے حماس کے ارکان نے ان اقدامات کو منسوخ کرنے کی کوشش کی جنہیں گزشتہ پارلیمنٹ نے منظور کیا تھا۔

بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ یہ تنازعہ ایک قومی حکومت کی تشکیل کے لیے حماس کے اردوں پر عمل کو اور دشوار بنا دے گا۔

حماس نے جن اقدام کو منسوخ کرنے کی کوشش کی ان میں حریف فتح گروپ کو اہم انتظامی عہدوں پر حصہ مختص کرنے اور فلسطینی صدر محمود عباس کے اختیارات میں توسیع کے فیصلے شامل تھے۔

فتح گروپ کے واک آؤٹ کرنے والے ارکان کا کہنا ہے کہ حماس کو یہ فیصلے منسوخ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

حماس کے رکن نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ کے اندر بحث کے ذریعہ اپنے جمہوری حق کو استعمال کیا ہے

جب کہ فتح کے ایک ممتاز رکن پارلیمنٹ صائب عرقات کا کہنا تھا کہ جمہوریت قوانین کی خلاف ورزی کا نام نہیں ہے۔ جمہوریت اس بات کا نام نہیں ہے کہ آپ کے چونسٹھ ارکان ہاتھ اٹھا کر قانون کی عملداری کی خلاف ورزی کریں۔ ہم کل صبح یہ معاملہ لے کر ہائی کورٹ میں جارہے ہیں۔