http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 03 March, 2006, 11:43 GMT 16:43 PST

بغداد میں گاڑی چلانے پر پابندی

عراقی دارالحکومت بغداد میں بڑھتے ہوئے تشدد پر قابو پانے کے لیے ایک دن کے لیے شہر میں گاڑیاں چلانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔البتہ لوگوں کو پیدل چلنے کو اجازت ہے۔

عراقی حکومت نے پولیس کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ کسی بھی پرائیوٹ گاڑی کو چلنے کی اجازت نہ دے۔

عراق میں تشدد کی لہر جاری ہے اور جمعہ کے روز بھی عراقی دارالحکومت سے اٹھارہ لاشیں ملی ہیں۔

پچھلے ہفتے سامرا میں شیعہ مزاروں پر حملے کے بعد سینکڑوں لوگ مارے جا چکے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس کو نہراوان کے باشندوں نے بتایا ہے کہ پچاس مسلح افراد کے ایک گروہ نے جمعرات کی رات کو ان کی آبادی پر حملہ کر دیا۔ اس حملہ کے بعد پولیس کو سینتالیس لوگوں کی لاشیں ملی تھیں۔

عراقی وزیر اعظم ابراہیم جعفری نے مسجدوں کے اماموں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اشتعال پھیلانے والی تقریروں سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے۔

ایک مہینہ پہلے بھی شیعہ سنی فسادات پر قابو پانے کے لیے کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔