http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 27 February, 2006, 19:05 GMT 00:05 PST

صدام حسین کی بھوک ہڑتال ختم

معزول کیے گئے عراقی صدر صدام حسین نے گیارہ روز سے جاری رہنے والی بھوک ہڑتال ’خرابی صحت‘ کے باعث ختم کردی ہے۔ بھوک ہڑتال ختم کرنے کا اعلان ان کے وکیل نے کیا۔

خلیل دلیمی نے کہا کہ ان کے موکل کا وزن چار سے پانچ کلو کم ہوگیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ذہنی طور پر وہ اتنے ہی مضبوط ہیں۔

صدام حسین اور ان کے ساتھیوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر احتجاجاً بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔

صدام اور ان کے ساتھیوں پر 1982 میں دجیل میں 148 افراد کے قتل عام کے الزامات ہیں تاہم وہ ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

صدام حسین نے بھوک ہڑتال کا اعلان 14 فروری کوکیا تھا۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ان کے ساتھیوں نے بھوک ہڑتال جاری رکھی ہے یا نہیں۔

عدالتی کارروائی سست پیش رفت، ملزمان اور وکلاء کی جانب سے بائیکاٹ، چحف جج کے مستعفی ہونے اور وکیل دفاع کے قتل جیسے مسائل کے سبب تاخیر کا شکار ہے۔

اب اگلی پیشی 28 فروری کو ہوگی۔