http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 25 February, 2006, 17:15 GMT 22:15 PST

فلسطینیوں کو امداد جاری: امریکہ

ایک امریکی اہلکار نے کہا ہے کہ حماس کے اقتدار میں آنے کے باوجود امریکی حکومت فلسطینیوں کو انسانی امداد فراہم کرتی رہے گی۔

فلسطینی اہلکاروں سے مذاکرات کے بعد امریکی سفارت کار ڈیوِڈ ویلچ نے کہا کہ امدادی تنظیموں کے ذریعے فلسطینیوں کو امریکی امداد دستیاب کرائی جائے گی۔

ڈیوِڈ ویلچ نے کہا کہ انہوں نے فلسطینی رہنما محمود عباس کو یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکہ ان کی حمایت کرتا رہے گا۔

حالیہ دنوں میں امریکی صدر جارج بش نے وارننگ دی ہے کہ اگر حماس نے تشدد سے انکار نہ کیا اور اسرائیل کو تسلیم نہ کیا تو امریکی امداد بند کردی جائے گی۔ جواب میں حماس نے امریکی امداد واپس کرنے کی بات کی ہے۔

ڈیوِڈ ویلچ اسرائیل کے قائم مقام وزیراعظم ایہود اولمرٹ سے اتوار کے روز ملاقات کریں گے۔

امریکی سفارت کار ایسے وقت پر یہ دورہ کررہے ہیں جب اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان حالیہ دنوں میں تشدد کے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔

فلسطینیوں کی جانب سے کئی راکٹ حملے کیے گئے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے سات فلسطینیوں کو ہلاک کردیا ہے۔