http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 22 February, 2006, 12:32 GMT 17:32 PST

سری لنکا میں امن کی واحد امید

سری لنکا کی حکومت اور تامل ٹائیگرز کے درمیان تین سال کے وقفے کے بعد بدھ کو پہلی بار براہِ راست بات چیت ہو رہی ہے۔

تاملوں کو مذاکرات کی دعوت

امن مذاکرات سے ناروے کی دلچسپی

سری لنکا اور تامل ٹائیگرز کے درمیان یہ بات چیت سویزرلینڈ میں ہو رہی ہے اس بات چیت میں شرکت کے لیے سری لنکا کے وزراء منگل کو سوئٹزر لینڈ پہنچے۔

بی بی سی کے تـجزیہ کار پال ڈاناہر کا کہنا ہے کہ سری لنکا اس بات کو پسند کرے یا نہ کرے لیکن حقیقت یہ ہے کہ تامل ٹائیگرز سری لنکا کے شمال مشرق میں اپنی حکمرانی قائم کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔

آپ جیسے ہی اس علاقے میں داخل ہوتے جس پر تامل ٹائیگروں کی حکمرانی ہے تو سب سے پہلے آپ کو اپنی گھڑی نصف گھنٹے پیچھے کرنی پڑتی ہے، جس کا مطلب ہے اب آپ تامل ٹائیگر وقت میں داخل ہو گئے ہیں اور اس کے بعد ہر چیز آپ کو تامل ٹائیگروں کی حکمرانی کا احساس دلاتی ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ بات چیت مفاہمت پیدا کرنے کے لیے نہیں ہے بلکہ امن کے عمل کو بچانے اور اس جنگ بندی کو مزید بڑھانے کے لیے ہے جس کو دونوں فریق ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

ان مبصرین کے مطابق دوطرفہ مفاہمت کو آگے بڑھانے سب سے بہتر موقع سونامی سے ہونے والی تباہ کاری تھی جس کے بعد تامل ٹائیگرز نے نہ صرف ساری دنیا سے بلکہ سری لنکا کی حکومت سے بھی متاثرہ ٹائیگرز کی مدد کی درخواست کی تھی لیکن اس موقعے سے فائدہ نہیں اٹھایا گیا۔

ٹائئگرز سری لنکا کے فوجیوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا الزام لگاتے ہیں اور حکومت کی جانب سے ٹائیگرز پر یہی الزام لگایا جاتا ہے لیکن جنگ بندی کو بچانے کی کوشش اس لیے کی جا رہی ہے کہ تا کہ مستقبل میں کسی مفامہت کو کوششیں اور دشوار نہ ہو جائیں۔