http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 18 February, 2006, 02:02 GMT 07:02 PST

امریکی امداد واپس کرنے کا فیصلہ

فلسطینی انتظامیہ نے امریکہ کو وہ پچاس ملین ڈالر واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مطالبہ امریکی وزارت خارجہ نے کیا تھا۔

یہ رقم امریکہ نے غزہ سے اسرائیلیوں کی واپسی کے بعد فلسطینی علاقوں میں اقتصادی بحالی کی غرض سے دی تھی لیکن ابھی تک بینک میں ہی پڑی ہوئی تھی۔

امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتی کہ یہ رقم حماس کی سربراہی والی اس حکومت کے تک پہنچے جو اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔

اسرائیلی حکومت اتوار کو یہ فیصلہ کرے گی کہ حماس کی حکومت پر کیا پابندیاں لگاۓ۔

فلسطینی پارلیمنٹ کے ارکان سنیچر کو حلف اٹھانے والے ہیں۔

دریں اثناء ترکی نے حماس کے وفد کو ملنے کے اس کے فیصلے پر اسرائیل کی طرف سے کیے جانے والی تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔

اسرائیل کے ترجمان نے کہا تھا کہ یہ ایسا ہی ہے جیسے اسرائیل کرد باغیوں کو بات چیت کی دعوت دے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس سے دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

تاہم ترکی کی وزارت خارجہ نے اس تقابل کو مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط قرار دیا۔