Friday, 17 February, 2006, 12:48 GMT 17:48 PST
بحیرۂ احمر میں دو ہفتے پہلے ڈوبنے والے مصری مسافر جہاز کا ملبہ مل گیا ہے۔
اس بحری جہاز کے حادثے میں ایک ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔
مصر کے وزیر ٹرانسپورٹ محمد لطفی منصور نے بتایا ہے کہ جہاز ’السلام 98‘ بندر سفاگا سے نوے کلومیٹر دور آٹھ سو میٹر کی گہرائی پر ملا ہے۔
وزیر نے کہا کہ اب ماہرین ملبے تک ایک روبوٹ کو پانی میں اتاریں گے جو جہاز کے ڈیٹا رکارڈر تلاش کرے گا اور ملبے کی تصاویر اتارے گا۔
ہر بحری جہاز میں ایک ڈیٹا رکارڈر لگا ہوتا ہے اور اس میں جہاز کے پوزیشن کے علاوہ موسمی حالات اور جہاز کے رخ کی تمام معلومات ریکارڈ ہوتی رہتی ہے۔
وزیر کا کہنا تھا کہ مصری حکام بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ مل کر یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ جہاز کے ڈوبنے کا سبب کیا تھا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ جہاز پر آگ لگنے سے مشکلات پیدا ہوئیں اور عملے نے آگ کی اطلاع کے باوجود جہاز خالی کرنے کی کارروائی نہیں شروع کی۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہ ان میں یہ تاثر ہے کہ یہ حادثہ محض لاپرواہی کا نتیجہ تھا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد میں زیادہ تر سعودی عرب میں ملازمت کرنے والے مصری شہری شامل تھے۔