http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 14 February, 2006, 11:03 GMT 16:03 PST

سابق نیپالی وزیر اعظم جیل سے رہا

نیپال کے سبکدوش ہونےوالے وزیر اعظم شیر بہادر دوبا کو جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔ ان کی رہائی انسداد بدعنوانی کے اس ادارے کو غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد عمل میں آئی ہے جس نے ان پر فرد جرم عائد کی تھی۔

گزشتہ فروری میں شاہ گیاندر کے حکمرانی سنبھالنے کے بعد شیر بہادر دوبا کو ان کے عہدے سے سبکدوش کردیا گیا تھا اور جولائی میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔

پیر کو نیپال کی سپریم کورٹ نے شاہ کے قائم کردہ انسداد بدعنوانی کے ادارے کو غیر قانونی قرار دیا اور ساتھ ہی اس ادارے کے جاری کردہ تمام احکامات ختم ہوگئے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا ’میں اپنی رہائی پر بہت خوش ہوں۔ یہ ایک جمہوری اقدام ہے۔ اب میں اپنے آپ کو ملک میں جمہوریت کے قیام کے لیئے وقف کردوں گا‘۔

شیر بہادر دوبا کی سیاسی جماعت کانگریس ڈیموکریٹک پارٹی اپنے رہنما کی رہائی کو جمہوریت کی جیت اور شاہی حکمرانوں کی شکست قرار دے رہی ہے۔

سابق وزیر اعظم کی رہائی پر ابھی تک حکومت کا رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

کھٹمنڈو میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے لوکل انتخابات میں صرف بیس فیصد ووٹ حاصل کرنے کے بعد یہ شاہ گیاندر کی دوسری بڑی شکست ہے۔