Wednesday, 15 February, 2006, 00:32 GMT 05:32 PST
اٹلی کے ایک وزیر کا کہنا ہے کہ وہ پیغمبرِ اسلام کی توہین پر مبنی کارٹونوں سے چھپی ہوئی ٹی شرٹیں لوگوں میں تقسیم کر رہے ہیں۔
وزیر ربرٹو کالڈرولی نے اطالوی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ وہ خود بھی یہ ٹی شرٹیں پہنیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس بارے میں مسلمانوں کے ساتھ مکالمے کی چنداں ضرورت بھی نہیں۔
مسٹرکالڈرولی کا تعلق اطالوی سیاست جماعت نادرن لیگ سے ہے جو بڑے پیمانے پر غیرملکیوں کی اٹلی میں آمد اور آبادکاری کے خلاف ہے اور اٹلی میں برسراقتدار دائیں بازو کے اتحاد کا ایک حصہ ہے۔
روم میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ وزیر مذکور کے یہ بیانات وزیر اعظم سِلویو برلسکونی کے لیئے خِفت کا باعث ہو سکتے ہیں کیونکہ یہ بیانات ایک ایسے وقت سامنے آ رہے ہیں جب ملک میں عام انتخابات کے لیئے مہم شروع ہونے والی ہے۔
مسٹر برلسکونی نے وضاحت کے ساتھ کہا ہے کہ وہ اس طرح کے خیالات سے اتفاق نہیں کرتے۔