http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 12 February, 2006, 03:17 GMT 08:17 PST

وڈیو: برطانوی فوجیوں پر الزامات

برطانوی حکومت نے وڈیو کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جس میں عراق میں تعینات برطانوی فوجیوں کو مقامی لڑکوں کے ساتھ بدسلوکی سے پیش آتے دکھایا گیا ہے۔

لندن میں وزارت دفاع نے کہا ہے کہ وڈیو میں دکھائے جانے والے الزامات کافی سنگین ہیں اور ملٹری پولیس ان کی تحقیقات کرے گی۔

برطانوی ہفتہ وار ’دی نیوز آف دی ورلڈ‘ جس نے یہ وڈیو حاصل کی ہے کہا ہے کہ اسے یقین ہے کہ یہ وڈیو حقیقی ہے۔

بی بی سی کے ایک نامہ نگار کو اس وڈیو میں سے دو منٹ کی کلِپ دکھائی گئی جس سے لگ رہا تھا کہ گلیوں میں بدمعاشی کرنے کے ایک واقعے کے بعد عراقیوں کو برطانوی فوجی گھسیٹ رہے ہیں اور لات سے ماررہے ہیں۔

برطانوی ہفتہ وار نے اس شواہد کو ’خفیہ ہوم وڈیو‘ بتایا ہے جسے کسی فوجی نے مزہ لینے کے لیے بنایا تھا۔

نیوز آف دی ورلڈ نے کہا کہ ایک فوجی کو تو ایک ہلاک شدہ عراقی کو لات سے مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ایک دوسرے واقعے میں گزشتہ سال برطانوی اخبار ڈیلی مِرر نے عراقیوں سے برطانوی فوجیوں کی بدسلوکی کے کچھ فوٹو شائع کیے تھے جو بعد میں جعلی ثابت ہوئے تھے۔