Monday, 06 February, 2006, 10:19 GMT 15:19 PST
افغانستان میں یورپ کے اخبارات میں پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز کارٹون کی اشاعت کے خلاف ایک مظاہرے میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ افراد لغمان کے مشرقی صوبے میں ایک مظاہرے میں ہلاک ہوئے۔ ایک شخص موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے نے جلال آباد کے ہسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے ان پر پتھراؤ شروع کر دیا تھا اور اسی لیے اسے گولی چلانی پڑی۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ ہجوم میں موجود طالبان اور القاعدہ کے ارکان ان اموات کے ذمہ دار ہیں کیونکہ انہوں نے لوگوں کو اکسایا تھا۔
ادھر دارالحکومت کابل میں بھی تقریباً دو سو افراد نے ڈنمارک کے سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
قندھار اور مزار شریف میں بھی سینکڑوں افراد نے مظاہرے کیے۔
ان کارٹون کی اشاعت کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں تقریباً ایک ہفتے سے احتجاج جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق افغانستان میں ہلاک ہونے والے یہ دو افراد اس احتجاجی مہم کی پہلی ہلاکتیں ہیں۔