Monday, 23 January, 2006, 02:20 GMT 07:20 PST
ایرانی حکومت کے حامیوں نےاصفہان میں ملک کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ کےباہر صدر احمد نژاد کی جوہری پالیسی کے حق میں مظاہرہ کیا ہے۔
مظاہرے میں شامل سینکڑوں لوگوں نے پلانٹ کے گرد انسانی زنجیر بنا کر اس پلانٹ کی حفاظت کرنے کا عزم کیا۔ ان مظاہرین نے بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر جوہری صلاحیت کے حصول کو ایران کا جائز حق قرار دیا گیا تھا۔
یورینیم کی افزودگی جاری رکھنے پر ایران کے خلاف اقتصادی اور دفاعی پابندیاں لگائے جانے کا امکان ہے۔
اگلے ہفتے جوہری توانائی کا عالمی ادارہ آئی اے ای اے کا ایک ہنگامی اجلاس ہونے والا ہے جس میں یورپی ممالک کی طرف سے بنائی گئی قرار داد پر غور کیا جائے گا جس میں ایران کے معاملے کو سلامتی کونسل میں اٹھائے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان حامد رضا آصفی نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے اجلاس کا نتیجہ سیاسی نکلے گا۔